کراچی ، سانحہ نشترپارک سمیت 13 مقدمات فوجی عدالت منتقل

جج ایڈووکیٹ جنرل برانچ نے ملزمان کی تحویل اور مقدمات کی فائل کے لئے عدالتوں سے رجوع کرلیا

جمعہ 18 مئی 2018 18:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) سندھ کی انسدادِدہشت گردی عدالتوں میں کئی برس سے زیرِالتوا ہائی پروفائل مقدمات فوجی عدالت بھیج دیئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں گزشتہ کئی برسوں سے زیرِالتوا ہائی پروفائل مقدمات کو اب فوجی عدالتوں میں بھیج دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے مقدمات میں کراچی کے 7 اور سکھر کے 6 مقدمات ہیں جن میں سانحہ نشتر پارک، انسداد پولیو ورکر ٹیم پر حملہ، سچل بم دھماکا اور دیگر قتل کے مقدمات شامل ہیں۔

فوجی عدالت منتقل کئے گئے مقدمات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکرِ جھنگوی سمیت ہائی پروفائل دہشت گرد امین عرف معاویہ، ممتاز عرف فرعون، امجد صابری قتل کیس میں سزائے موت پانے والے اسحاق بوبی کے خلاف 3 مقدمات اور دیگر 15 سے زائد دہشت گرد بھی شامل ہیں۔مقدمات کے حوالے سے انسداد دہشت گردی اور سیشن عدالتوں کو مقدمات کی فہرست بھی موصول ہوگئی ہے جب کہ جج ایڈووکیٹ جنرل برانچ نے ملزمان کی تحویل اور مقدمات کی فائل کے لئے عدالتوں سے رجوع کرلیا ہے۔