آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کیس ،احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع

جمعہ 18 مئی 2018 18:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور نجی کمپنی کے مالک شاہد شفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کردی ۔احتساب عدالت کے جج منیراحمد نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کیس کی اس موقع پر ملزم احد چیمہ،شاہدشفیق کو پیش کیا گیا۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت میں استدعا کی کہ احد چیمہ اور نجی کمپنی کے مالک شاہد شفیق پرآشیانہ اقبال سکینڈل میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کا الزم ہے، ان کی آمدن اور وسائل میں کافی زیادہ فرق ہے جس کی تفتیش کرنا ابھی باقی ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ احد چیمہ کے پولٹری فارم کاروبار بھی سامنے آیا ہے، جس کی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

(جاری ہے)

جس پرعدالت نے واضح کیا کہ کیس میں ملزمان کا ستاسی روزہ جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے، اب تین روز سے زیادہ جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا۔سماعت کے موقع پر ملزمان نے وکلا نے دلائل دیئے کہ ایک ریمانڈ ختم ہوتا ہے تو دوسرا لینے آ جاتے ہیں، نیب حکام ایک کیس میں دو ریمانڈ لے رہے ہیں،الگ ریمانڈ کی قانون اجازت نہیں دیتا،ملزمان کے وکلا نے استدعا کی کہ عدالت ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے۔عدالت نے ملزمان کے وکلا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق ڈی جی ایل ڈی احد خان چیمہ اور شاہد شفیق کے جسمانی ریمانڈ میں تین دن کی توسیع کردی۔