20 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی ہدف ہے، شعیب ملک

جمعہ 18 مئی 2018 18:22

20 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی ہدف ہے، شعیب ملک
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) قومی ٹیم کے سٹار آل رائونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ میرے کیریئر کا آخری بڑا ون ڈے ٹورنامنٹ ہو گا تاہم 2020 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ملک کی نمائندگی ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے میں اپنی کارکردگی میں تسلسل پیدا کرنے اور فٹنس کو برقرار رکھنے کیلئے سخت محنت کروں گا۔

ملک نے 1999 میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 19 سالہ کیریئر کے دوران انہیں 35 ٹیسٹ، 252 ون ڈے اور 89 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا، انہیں پاکستان کی جانب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑنے کیلئے مزید تین میچز میں شرکت کی ضرورت ہے، شعیب ملک کا شمار پاکستان کے سٹار آل رائونڈرز میں کیا جاتا ہے اور انہوں نے متعدد بار اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی میرے لئے باعث اعزاز ہے اور اس وقت بھی ٹیم کا حصہ ہونے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ورلڈ کپ میرے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہو گا لیکن میں 2020 میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ بھی کھیلنا چاہتا ہوں، ہدف کے حصول کیلئے میں اپنی کارکردگی میں تسلسل رکھنے اور فٹنس برقرار رکھنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔۔

متعلقہ عنوان :