شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کی دوسری رات بھی بجلی کی فراہمی معطل

شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف دیا جائے گا،کے الیکٹرک کا دعوی ،رمضان میں 7 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کرنے کا اقرار بھی کرلیا

جمعہ 18 مئی 2018 18:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کی دوسری رات بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی اور شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی، دوسری جانب کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف دیا جائے گا، لیکن ساتھ ہی رمضان میں 7 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کرنے کا اقرار بھی کرلیا۔شہر کے جن علاقوں میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی، ان میں بفرزون، لیاری، نارتھ کراچی، لانڈھی،گلشن اقبال، گلستان جوہر اور کورنگی شامل ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ مختلف علاقوں میں 3 سے 7 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، تاہم سحر و افطار میں ممکنہ حد تک لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مستثنی علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں ایک گھنٹہ کمی کرتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2 گھنٹے تک کردیا گیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ رمضان میں صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف دیا جائے گا اور شہری لوڈشیڈنگ کا شیڈول 118 یا 8119 پر ایس ایم ایس کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ شہر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ ایک یونٹ پر کام کے باعث کچھ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے، لہذا مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ نہ کہا جائے۔#