الشفا آئی ہسپتال نے مستحق مریضوں کیلئے زکواة فارم کی پابندی ختم کردی

فیصلہ مریضوں کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئر رضوان اصغر

جمعہ 18 مئی 2018 18:38

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) الشفا آئی ٹرسٹ نے مستحق اور غریب مریضوں کو مزید سہولت دیتے ہوئے مفت علاج کیلئے اپنے متعلقہ یونین کونسل سے زکواة فارم لانے کی پابندی ختم کردی ہے ۔ یہ فیصلہ فارم کے حصول میں حائل مشکلات اور فوری علاج کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ریٹائرڈ)رضوان اصغر نے صحافیوں کے گروپ کو بتایا کہ آبادی میں اضافہ کے باعث آنکھوں کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور الشفا ٹرسٹ علاج کو فوری اورآسان بنانے کے مشن پر گامزن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ پریذیڈنٹ جنرل حامد جاوید کے ویژن اور ہدایت کے مطابق مفت علاج کیلئے زکواة فارم کی عمومی شرط کو بھی ختم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض بے وسیلہ اور غریب مریضوں کیلئے اپنی یونین کونسل کیلئے فارم کا حصول مشکل کام ہوتا ہے اور فارم کے چکر میں مریض اپنا معائنہ اورعلاج وقت پر نہیں کرا پاتا ۔

(جاری ہے)

بریگیڈئر رضوان نے بتایا کہ فارم کی پابندی کے خاتمے سے زیادہ سے زیادہ مستحق لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ الشفا ٹرسٹ کے چاروں ہسپتالوں میں ہرسال آٹھ لاکھ مریضوں کا علاج ہوتا ہے جس میں سے 80 فیصد کا بالکل مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ فارم ختم کرنے سے یہ تعداد دس لاکھ تک پہنچ جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ مفت مریضوں کی تعداد بڑھنے سے ہسپتال پر مالی دباؤ بڑھے گا لیکن عطیات سے اس دباؤ کو پورا کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ الشفا ٹرسٹ گزشتہ پچیس برس سے آنکھوں کے مریضوں کو مکمل علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے والا قومی ادارہ ہے اور راوالپنڈی ،کوہاٹ ،مظفرآباد اور سکھر میں جدید طرزکے چار ہسپتال ہر روزہزاروں مریضوں کی بینائی بحال کرنے میں مصروف ہیں ۔

متعلقہ عنوان :