امریکی سفارتخانہ کی یروشلم منتقلی اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مرکزی علماء کونسل کی اپیل پرملک بھر میں’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ منایا گیا

مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں ،مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیاں

جمعہ 18 مئی 2018 18:42

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) امریکی سفارتخانہ کی یروشلم منتقلی اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مرکزی علماء کونسل کی اپیل پرملک بھر میں’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ منایا گیا۔جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

لاہور، اسلام آباد ،کراچی ،ملتان،پشاور،فیصل آباد،آزادکشمیر،مظفر آباد،گوجرانوالہ، سرگودھا،رحیم یارخان، خانیوال، بہاولنگر،بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔مرکزی علماء کونسل سے منسلک علماء ، خطباء،آئمہ مساجد نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یروشلم میں امریکی سفارتخانہ کی منتقلی اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر عالمی قوتوں کی خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی حکومت کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم کھلی دہشت گردی ہے۔ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالم اسلام کو مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے مؤثر کردار اداکرناچاہئے۔سیکورٹی فورسز پر حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں کی پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے قربانیوں پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ کوئٹہ میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی شہادت نے پاک فوج اور پاکستانی عوام کے حوصلوں کو بلند کیا ہے۔

دہشت گردی ،انتہاپسندی کے خلاف پوری قوم اور افواج پاکستان متحد ہیں۔مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جامع مسجد گول میں ’’یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ کے سلسلہ میںمنعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارتخانہ کی بیت المقدس منتقلی سے دہشت گرد اور انتہاپسند قوتوں کو تقویت ملی ہے ۔ امریکہ ،اسرائیل ، بھارت گٹھ جوڑ کا مقصد امن پسند قوتوں کوکمزور کرنا ہے۔

فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کے نتیجہ میں قبلہ اول بیت المقدس اور کشمیریوں کو جلد آزادی ملے گی۔ فلسطین کا مسئلہ عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے۔ فلسطینی عوام اور بیت المقدس کا تحفظ ہر صورت عزیز ہے۔ اقوام متحدہ اور اسلامی سربراہی کانفرنس کو اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر ہونے والی مظالم کی امریکہ کھلے عام حمایت کررہا ہے ۔

جمعہ کے اجتماعات میں منظور ہونے والی قراردادوں میں اسلامی ممالک کے سربراہان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی مظالم کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے اور مظلوم فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم اور قتل عام کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ ایک اور قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ممالک اپنے اختلافات کوپس پشت ڈال کر امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے متحد ہوکر اپنا کرداراداکریں۔