چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کا فیضان مدینہ مسجد یونیورسٹی روڈ پر ترقیاتی کاموں کا معائنہ

جمعہ 18 مئی 2018 18:48

کرچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں مساجد کے اطراف خصوصی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات بروئے کار لارہے ہیں،رمضان المبارک میں مساجد وتراویح کی جگہوں پر بلدیاتی مسائل حل کرنے کیلئے از خود دورے کر کے جائزہ لے رہا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیضان مدینہ مسجد یونیورسٹی روڈ سے متصل پارکنگ ایریا اور سڑک کی تعمیر کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر فیضان مدینہ کے منتظمین نے چیئرمین معید انور کے ہمراہ اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کروایا اور موقع پر مزید کاموں کے حوالے سے درخواست کی بالخصوص اندرونی سڑکوں کی تعمیر، سیوریج کے مسئلے کے حل کیلئے ہفتہ وار بنیادوں پر ونچنگ کروانے اور ایمرجنسی کی صورتحال میں ایمبولینس فراہم کرنے کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین معید انور نے پیش کردہ تمام درخواستوں کا بغور جائزہ لینے کے بعد منتظمین کو یقین دہانی کرائی کہ بلدیہ شرقی اپنے توسط سے جو کچھ ہوسکے گا وہ کرے گا ، ہمارا مقصد مسجد میں آنے والے تمام نمازیوں کو ہر ممکن ریلیف مہیا کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے ہم امور کو اپنا دینی فریضہ سمجھ کر انجام دے رہے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ جو کام بلدیہ شرقی کروائے اس کی دیکھ بھال کا نظام مسجد کی جانب سے بھی موجود ہو ، فیضان مدینہ مسجد میں شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی آمدورفت کا سلسلہ رہتا ہے اور ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ فیضان مدینہ کے گردونواح میں بلدیاتی سہولیات کا نظام بہتر سے بہتر ہو، فیضان مدینہ کی انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ترقیاتی کاموں کی دیکھ بھال میں بلدیہ شرقی کی معاونت فرمائے اس موقع پر ایس ای ایسٹ طارق مغل، ایکسی این ایم اینڈ ای مبین شیخ، ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس و دیگر افسران موجود تھے۔