قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشاکو نشانِ امتیاز ملٹری عطاء کر دیا

جمعہ 18 مئی 2018 19:31

قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) قائم مقام صدر مملکت محمد صادق سنجرانی نے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشاکو نشانِ امتیاز ملٹری عطاء کر دیا۔ چینی فوج کے سربراہ کو اعزاز عطا کرنے کی تقریب جمعہ کو ایوان صدر میں ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے بعد معزز مہمان نے قائم مقام صدر سے ملاقات بھی کی۔ قائم مقام صدر نے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز حاصل کرنے پر معزز مہمان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست، ہمسائے اور قابلِ اعتماد ساتھی ہیں کیونکہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام اور اعتماد کے لازوال اور غیر متزلزل رشتے سے جڑی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاک۔

چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور ہمارے دفاعی تعلقات خطہ میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کشمیر سمیت سلامتی اور علاقائی استحکام کے معاملات میں چین کی غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشا نے نشانِ امتیاز ملٹری عطاء کرنے پر قائم مقام صدر، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک۔چین دوستی آزمائش کے ہر موقع پر پورا اتری ہے اور یہ نسل در نسل جاری رہے گی۔