ملک میں حالیہ بجلی بریک ڈاؤن کا معاملہ، سیکریٹری پاور ڈویڑن چھٹی پر چلے گئے

سیکریٹری پاور ڈویژن نے وزیراعظم سے اپنی چھٹی منظور کرائی ،ْ ذرائع

جمعہ مئی 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) ملک میں بجلی کے حالیہ بریک ڈاؤن کے بعد وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن اچانک رخصت پر چلے گئے۔بدھ کوملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا جس میں گدو اور مظفر گڑھ کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث خیبرپختونخو اور پنجاب تقریباً بجلی سے محروم ہوگئے تھے۔۔نیپرا نے گزشتہ روز اس بریک ڈاؤن کا نوٹس بھی لیا تھا اور اس حوالے سے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق ملک میں بجلی کے حالیہ بریک ڈاؤن کے بعد وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن نسیم یوسف اچانک 14 روز کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی سیکریٹری کل ایک تقریب میں موجود تھے تاہم وہ رخصت پر روانہ ہوگئے ہیں اور ان کی چھٹی کا نوٹی فکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری کیا ہے۔ذائع نے بتایا کہ وزیر توانائی اویس لغاری اور وفاقی سیکرٹری نسیم یوسف کے درمیان تعلقات گزشتہ کئی روز سے خراب ہیں اور سیکرٹری پر بریک ڈاؤن کی ذمہ داری قبول کرنے کا دباؤ تھا۔ذرائع کے مطابق سیکریٹری پاور ڈویژن نے وزیراعظم سے خصوصی طور پر اپنی چھٹی منظور کرائی ہے، ان کے قریبی ذرائع کے مطابق نسیم یوسف ذاتی مصروفیات کی بناء پر رخصت پر گئے ہیں۔