3ارب روپے کی لاگت سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی

مریضوں کی بہتر نگہداشت کیلئے 450 نرسیں ، 300 سے زائد ڈاکٹرز ، 250 کے قریب پیرا میڈیکس تعینات 500بیڈز پرمریضوں کو ایک ہی چھت تلے آپریشن تھیٹر و دیگر شعبے حاصل ہونگے ‘پرنسپل پی جی ایم آئی کا اجلاس سے خطاب

جمعہ مئی 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) دور جدید کے طبی تقاضوں سے ہم آہنگ 3ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی500بیڈز پر مشتمل10منزلہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے جہاں مجموعی طور پر10آپریشن تھیٹرز کام کرینگے ،یہ خطے کی اسٹیٹ اف دی آرٹ نیورو سرجری علاج گاہ ہوگی ،،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ایک ہی چھت تلے آپریشن تھیٹر ، طبی و تشخیصی سہولیات اور دماغی امراض سے متعلق دیگر شعبے کام کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اعلیٰ سطحی اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف شعبوں کے پروفیسر صاحبان ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور انتظامی ڈاکٹرز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پرنسپل پی جی ایم آئی نے اجلاس میں بتایا کہ اس نیورو انسٹی ٹیوٹ میں100بیڈز کی ایمر جنسی اور حادثات میں زخمی ہونے والوں کیلئے 2نیورو تھیٹرز 24گھنٹے کام کریں گے جبکہ مریضوں کی بہتر نگہداشت کیلئی450نرسز ، 300سے زائد ڈاکٹرز اور200کے لگ بھگ پیرا میڈیکل سٹاف فرائض سر انجام دے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آ ف نیورو سائنسز میں جدید ترین تھری ٹیسلا ایم آر آئی مشین اور128سلائس سی ٹی سکین مشینیں نصب کرنے کے علاوہ سنٹرل ریسرچ لیب قائم کی گئی ہے جہاں کینسر کی جدید ترین تشخیص اور دیگر بیماریوں پر تحقیق کیلئے بھی کام ہو گا ۔پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ اس ادارے میں مکمل طور پر انفیکشن فری اور عالمی معیار کے آپریشن تھیٹر زکام کریں گے جس کا نجی شعبے میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ۔

اسی طرح طبی ٹیکنالوجی کے جدید مہارت پر مبنی پروسیجرز اختیار کیے گئے ہیں اور امراض کی تشخیص کیلئے سینٹرل ریسررچ لیبارٹری کا نظام عمل میں لایا گیا ہے جہاںبیماریوں کی تشخیص کے علاوہ نوجوان ڈاکٹروں کو تربیت بھی دی جائے گی ۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کو لاہور جنرل ہسپتال کیلئے ایک تحفہ قرار دیا جہاں پر صفائی کی نگرانی اور24گھنٹے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا بھی بندو بست کیا گیا ہے ۔اسی طرح سٹاف کی حاضری کیلئے بائیو میٹرک نظام ، انفیکشن کنٹرول سسٹم ، تھیٹر آٹو میشن سسٹم اور فارمیسی مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔