دکھی و مستحق انسانیت کی خدمت ہی قرب الٰہی کا عظیم ترین ذریعہ ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

اللہ تعالیٰ کی حقیقی خوشنودی کیلئے مخلوق خدا کی خدمت کو اپنا نصب العین بناناہو گا ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ مئی 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ روزہ امت مسلمہ کو صبر کی تربیت دیتا ہے ،آپﷺ کی پوری زندگی عالم انسانیت کیلئے ایک عملی نمونہ کی حیثیت رکھتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی حقیقی خوشنودی کیلئے مخلوق خدا کی خدمت کو اپنا نصب العین بناناہو گا کیونکہ اسی میں انسان کی ترقی کا رازپوشیدہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے الخدمت فائونڈیشن علاقہ شرقی لاہور کے زیر اہتمام ڈونرز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں جماعت اسلامی علاقہ شرقی کے امیر عبدالرشید مرزا ، سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن پاکستان مشتاق احمد مانگٹ ، صدر الخدمت فانڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، وقار ندیم وڑائچ ، رائو جاوید اقبال و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے مزید کہا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے احکام اور آپﷺ کے فرمانوں پر دل و جان سے عمل کرنا ہو گا۔ اصحاب کرام اجمعین کی زندگیاں ہمارے لیے نمونہ کی حیثیت رکھتی ہیں جس طرح انہوں نے اپنے آپ کو دعوت کے لیے کھپایا اور اپنے ہر طرح کے وسائل کو اللہ رب العزت کے راستہ پر لگایا یقینا وہ ہمارے لیے روڈ میپ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

بنی نوح انسان کی بھلائی ان کے دلوں کی صفائی اور ان کا رشتہ اللہ سے جوڑنے کے لیے کوئی کامیاب کوشش اگر کسی نے کی ہے تو وہ صرف انبیاء کرام ہی کا طبقہ ہے ۔ آپ ﷺ کے تمام اقوال و فعال پوری امت کے لیے حجت و دلیل ہیں اور داعی کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ آپﷺ کے تمام فرمانوں اور اللہ تعالیٰ کے احکام پر دل و جاں سے عمل کرے ۔ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہاکہ غریبوں اور ناداروں کی خدمت ہی اللہ رب العزت کی خوشنودی حاصل کرنا کا خوبصورت ذریعہ ہے اور اس نیک اور فلاحی کام حصہ لینے والے افراد معاشرے کی بہت بڑی خدمت کر رہے ہیں ، خدمت خلق عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور انسانی فلاح کے کام صدقہ جاریہ ہیں ۔