مصر کا رمضان المبارک میں فلسطینیوں کے لیے اپنی سرحد کھولنے کا اعلان

جمعہ مئی 19:33

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) مصر کے صدر عبدالفتح سیسی نے غیر متوقع طور پر غزہ کے ساتھ منسلک سرحد پر قائم رفح کراسنگ پوائنٹ کو ایک ماہ کیلئے کھولنے کا اعلان کردیاجس کے بعد ماہ مقدس میں فلسطینی باآسانی سرحد پار آسکیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری کیے گئے بیان میں عبدالفتح سیسی کا کہنا تھا کہ اس کراسنگ پوائنٹ کو کھولنے کا مقصد مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی مشکلات کم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رفح کراسنگ پوائنٹ غزہ کو بیرونی دنیا سے منسلک کرنے والا واحد راستہ ہے جو اسرائیل کے زیر اثر نہیں تاہم مصر نے اسے سیکیورٹی خطرات کا بہانہ بناکر کافی عرصے سے مکمل طور پر بند کر رکھا تھا۔فرانسیسی میڈیاکے مطابق مذکورہ راستے کو آخری مرتبہ 2013 میں 3 ہفتے کے لیے کھولا گیا تھا جبکہ فلسطینی سال میں اسے چند دن ہی استعمال کر پاتے ہیں۔خیال رہے کہ جزیرہ نما سینائی میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے پیش نظر یا دیگر وجوہات کو جواز بنا کر اس راستے کو کھولنے کے اقدامات محدود کردیئے گئے تھے۔