امریکہ ،ْ متنازع خاتون سی آئی اے کی نئی ڈائریکٹر مقرر

جمعہ 18 مئی 2018 19:33

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) امریکی سینیٹ نے متنازع شخصیت جینا ہسپیل کو سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کا نیا ڈائریکٹر بنانے کی توثیق کردی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد کردہ جینا ہسپیل کو 54 میں سے 45 ووٹ ملے جبکہ اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کے 5 سے 6 ارکان نے اپنی پارٹی کے بجائے تنازعات کا شکار جینا ہسپیل کی حمایت کی تاہم 2 ریپبلکن ارکان نے اپنی ہی جماعت کی نامزد جینا ہسپیل کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ ریپبلکن سینیٹر جان مکین نے بھی ان کی نامزدگی کی مخالفت کی تاہم انہوں نے ووٹ نہیں دیا۔

دوسری جانب جینا ہسپیل کی بطور سی آئی اے ڈائریکٹر تقرری کی توثیق پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔خیال رہے کہ جینا ہسپیل سی آئی اے کی تاریخ میں پہلی خاتون ڈائریکٹر ہیں، تاہم یہ بات واضح رہے کہ ان کی نامزدگی پر کچھ قانون سازوں کی جانب سے سخت مخالفت کی گئی تھی اور امریکی صدر کے فیصلہ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔61 سالہ جینا ہسپیل کا زیادہ تر کیریئر خفیہ سروسز میں گزرا اور انہیں سابق سی آئی اے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کے بعد اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔