چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا گارڈن ٹائون،ماڈل ٹائون اور جوہر ٹائون میں قائم رمضان بازاروں کا دورہ

بیف اور مٹن کے سٹالز نہ لگنے ،پھلوں کے معیار ،قیمتوں کے معاملے پر سٹالز ہولڈرز اور مارکیٹ کمیٹی کی ملی بھگت کا نوٹس کم تولنے والوں کیخلاف مقدمات کا اندراج ، ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کی سرزنش ، عملے سے بھی باز پرس کی جائیگی ‘ میاں عثمان

جمعہ مئی 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے گارڈن ٹائون ،ماڈل ٹائون لنک روڈ او رجوہر ٹائون میں قائم رمضان بازاروں کا دورہ کر کے سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی سپلائی ، سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ، کم تولنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کرا دیا گیا جبکہ ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کی سخت سر زنش کی گئی ۔

اپنے دورہ کے دوران چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے بھی آگاہی حاصل کی اور ان کی جانب سے بیف اور مٹن کے سٹالز نہ لگنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیا گیا ۔ اس موقع پر سٹال ہولڈرز اور مارکیٹ کمیٹی کی ملی بھگت سے اول درجہ پھلوں کی سپیشل پھلوں کے نرخوں پر فروخت کا بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کے لوگوں کی سخت سر زنش کی گئی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے ہدایت کی کہ پھلوں کی معیار کے مطابق کیٹگریز بنائی جائیں اور اس کے مطابق ان پرریٹ آویزاں کر کے فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر چار سٹالز سے ناقص اشیاء قبضے میں لے کر موقع پر ہی تلف کرا دی گئیں اورسٹالز بھی منسوخ کر دئیے گئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ دوروں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے ،سٹالز ہولڈرز کے ساتھ رمضان بازاروں کے عملے سے بھی باز پرس کی جائے گی اور کوتاہی ثابت ہونے پر کسی طرح کی رعایت نہیں برتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خریداری کے لئے آنے والوں سے بھی آگاہی حاصل کی ہے اور مجموعی طو رپر صورتحال اطمینان بخش ہے ۔ تاہم جو شکایات سامنے آئی ہیںمستقبل میں ان کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔