ڈی پی او آفس ایبٹ آباد میں پولیو سے متعلق آگاہی، مسائل اور ان کے حل کے متعلق ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 18 مئی 2018 18:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفس ایبٹ آباد میں یو این آئی سی ایف کے تعاون سے پی ای آئی حکام نے پولیو سے متعلق آگاہی اور پولیو مہم کے دوران آنے والے مسائل اور ان کے حل کے متعلق ایک روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں پولیو کے ریسورس پرسن سمیت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید اشفاق انور، ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد، جمل ایس ڈی پی او ضلع ایبٹ آباد، ایلیٹ فورس، پی آر ایف فورس، سپیشل برانچ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آگاہی ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قاضی سیف الله نے ورکشاپ کے مقاصد اور متوقع اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر محمد جوہر خان نے پاکستان سے پولیو کے جڑ سے خاتمہ اور پولیومہم کے کردار سے متعلق تمام افسران کو مکمل بریفنگ دی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ اس موقع پر ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد نے پولیو مہم کے دوران متعلقہ حکام کے ساتھ تمام افسران کو ٹیم ورک کے طور پر کام کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو فرائض منصبی بخوبی نبھانے کے متعلق تفصیلی ہدایات دیں اور ممکنہ خدمات اور سیکورٹی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔