رمضان المبارک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے واپڈا کے دعوئوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، عبدالرزاق عباسی

جمعہ 18 مئی 2018 18:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی ایبٹ آباد عبدالرزاق عباسی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے واپڈا کے دعوئوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، رمضان المبارک میں سحر و افطار اور نماز تراویح کے اوقات میں ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے بلند و بانگ دعویٰ کئے گئے مگر نماز تراویح کے دوران بجلی کی گھنٹوں بندش اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو ریلیف راہم کرنے کے تمام تر دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہمارے اوپر سایہ فگن ہے، اس ماہ مقدس میں لوگوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی جانی چاہئے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے آزاد ہو کر الله کی عبادت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ رمضان المبارک میں بھی کی جا رہی ہے، رہی سہی کسر آئے روز ہونے والے بریک ڈائون نے پوری کر رکھی ہے، مئی کے مہینے میں بریک ڈائون تشویشناک ہے، مرمت کے نام پر لوڈ شیڈنگ کرنا معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، عوام کو نہ بجلی میسر ہے اور ہی ہی پانی دستیاب ہے۔