متحدہ مجلس عمل کی اپیل پر ملک بھرکی طرح اسلام آباد میں بھی فلسطینیوں پر اسرائیلی فو ج کی بمباری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 18 مئی 2018 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل کی کال پر ملک بھرکی طرح اسلام آباد میں بھی فلسطینیوں پر اسرائیلی فو ج کی بمباری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء میاں محمد اسلم اور متحدہ مجلس عمل اسلام آباد کے صدر شیخ الحدیث مولانا عبد الرئوف نے کی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدر نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک مظاہرین نے کتبے اور بینر ز اٹھارکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق اور اسرائیل کے خلاف نعررے درج تھے۔ انہوں نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی سفارتخانہ کی بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ جس میں60 سے زائدفلسطینی شہید اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہونے کی شدید مذمت کی اور ترکی کے صدر طیب اردگان کے امر یکی سفیر کو فوری طور پر ملک بد رکرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ دیگر ممالک کو بھی ترکی کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اب اقوام متحدہ کے فریب سے نکل کراو آئی سی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اقوام متحدہ مغربی ممالک کے مفادات اور مسلمانوں کے قاتل ممالک کی محافظ بن چکی ہے، اسی لئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اسر ئیل کو ناجائز ریاست قرار دیا ہے۔ میاں محمد اسلم نے کہا انسانی حقوق کے سب سے بڑے نام نہاد علمبردار امریکہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ کھول کر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو چیلنج کیا اور دنیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کی ہے۔

مولانا عبد الرئوف نے کہا امت مسلمہ کی طرف سے فلسطینیوں کے قتل عام پر اسرائیل کی وحشت اور درندگی کی مذمت کافی نہیںعالم اسلام فلسطین کی آزادی کا روڈ میپ دے،اقوام متحدہ نے اپنے قیام سے اب تک مسلمانوں کے تحفظ اور مسلمانوں کے مقبوضہ علاقوں کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کیا۔ فلسطین اور کشمیر پر اپنی قراردادوں پر اقوام متحدہ عمل درآمد نہیں کرا سکی۔

محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا پڑے گا، فلسطین میں اسرائیلی درندگی اور وحشت کے باوجود مسلم حکمرانوں کی سرد مہری نے امت کو گہری تشویش اور مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے۔ امریکہ اسرائیل اور بھارت کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف امریکی جنگ اب کوئی ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ امریکہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام کی پشت پناہی کررہا ہے،عالم اسلام کو اپنے بچائو کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیارکرنا پڑے گا۔