Live Updates

اقتدار میں آکر ملک کا نظام ٹھیک کریں گے،پرویزخٹک

جمعہ 18 مئی 2018 19:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوام کی اُمیدیں پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ہیں یہی وجہ ہے کہ آئے روز عوام پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا وژن ہے کہ یہاں پردو نہیں بلکہ ایک پاکستان ہو گا جس میں امیر و غریب دونوں کا ایک ہی مقام اور حیثیت ہوگی تب ہی ہمارا ملک صحیح ترقی کرے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میںبونیرسے تعلق رکھنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ کارکنان و مقامی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ شمولیتی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر اور صوبائی وزیر کھیل و آبپاشی محمود خان بھی موجود تھے جبکہ ملک آفتاب کی سربراہی میں اے این پی کے دیرینہ کارکنان نے اپنی پارٹی سے طویل رفاقت چھوڑ کر پی ٹی آئی میں باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے اور اقتدار میں آکر اس ملک کا نظام ٹھیک کریں گے انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر صوبے کے نظام میں نمایاں اصلاحات کیں اور تعلیمی اداروں اور دیگر تمام سرکاری شعبوں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا جبکہ تمام شعبوں کو عوام کی خدمت کا آئینہ دار بنانے کیلئے ان کیلئے نمایاں قانون سازی کی ہے اور 5 سالوں میں انتہائی کوشش کی ہے کہ اس صوبے کے ترقیاتی ڈھانچے کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھی جائے ۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت سے پہلے اس صوبے پر جو بھی حکومت کرنے آئے ہیں انہوںنے اپنا ٹائم گزارا ہے اور صوبے کو اپنے ہی حالت پر چھوڑا جبکہ ہماری حکومت نے ہر شعبے میں قانون سازی کرکے انہیں مفاد عامہ کا آئینہ دار بنایا ہے۔ انہوںنے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے سیاسی کارکنان کو مبارکباد دی اور کہاکہ ان کی شمولیت سے پی ٹی آئی بونیر میں مزید مضبوط ہو جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات