ْ فلسطینی مسلمان جذبہ جہاد اور شوق ِ شہادت سے سرشار ہوکر جدوجہد کررہے ہیں، اسد اللہ بھٹو

مسلمان متحد ہوکر امریکا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں،جامع مسجد بنوری ٹاؤن کے باہر احتجاجی مظاہرے سے حافظ نعیم الرحمن، مولانا غیاث ودیگرکا خطاب

جمعہ 18 مئی 2018 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی کونسل کے رکن اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمان جذبہ جہاد اور شوق ِ شہادت سے سرشار ہوکر جدوجہد کررہے ہیں ، جذبہ جہاد اور شوقِ شہادت کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی،فلسطینی مسلمانوں پر مظالم اور امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس میں منتقلی پر حکمرانوں کی خاموشی اور بے حسی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ، عالم اسلام کے حکمران مسلمانوں کے قبلہ ٴ اول کی آزادی کے لیے اپنا کردار اد ا کریں ، مسلم عوام فسلطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور درندگی اور بیت المقدس پر امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور مظلوم نہتے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، قبلہٴ اول پر اسرائیلی قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی ، اسرائیلی فوج کی حالیہ درندگی میں 60سے زائد فلسطینی مسلمانوں کی شہادت اور ڈھائی ہزار مسلمانوں کے زخمی ہونے کے خلاف متحدہ مجلس عمل کے تحت ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں جامع مسجد بنوری ٹاؤن کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی و متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن ، متحدہ مجلس عمل سندھ کے جنرل سکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی ،متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا محمد غیاث اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر نائب امیر کراچی مسلم پرویز ،ڈپٹی سیکریٹریز کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ اورراشد قریشی ، امراء اضلاع یونس بارائی ، عبد الرزاق خان ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بیت المقدس ایک مذہبی شہر اور مقدس مقام ہے ہم امریکی اعلان کی پُرزور مذمت اور مخالفت کرتے ہیں اورواضح کرتے ہیں کہ امریکی سفارتخانے کی منتقلی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے پر فلسطین میں شدید رد عمل پیدا ہو اہے ، فسلطینیوں کی جانب سے امریکی اقدام کے خلاف آواز بلند کرنے پر اسرائیلی فوج نے سفاکی سے گولیاں برسائیں اور سیکڑوں فسلطینیوں کو شہید کر دیا ، امریکا دنیا بھر میں دہشت گردوں کا سرپرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینی بیت المقدس میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں ، فلسطینی پتھروں سے امریکی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور بیت المقدس کا تحفظ کرتے ہوئے شہید ہو رہے ہیں ، فلسطینیوں پر مظالم اب ختم ہونے چاہیے ،مسلمان حکمران امریکی اور صیہونیوں کے غلام بنے ہوئے ہیں ، امریکی اور اسرائیلی ظالمانہ کارروائی سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں ، فلسطینی امریکی اور اسرائیلی مظالم کے شکار ہیں ، ان کی فوری امداد کرنا ہمارا ایمانی فرض ہے ، مسلمان متحد ہوکر امریکا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں ۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے فلسطین میں اسرائیل کے تسلط اور ناجائز ریاست اسرائیل کے جرائم کی پشت پناہی اور سرپرستی کو بڑھانے کیلئے سفارخانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔علامہ ناظر عباس تقوی نے کہاکہ ہم قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، امریکا دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے ،امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے اور امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے فیصلے پر مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا اور امریکی اور اسرائیلی دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا ، امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیاامریکا کا بیت القدس کو اسرائیلی دارالحکومت قراردینا اور وہاں پر سفارتخانہ کھولنے کا اعلان دنیا کے امن کو تباہ کر سکتا ہے ۔

مولانا محمد غیاث نے کہاکہ پوری مسلم امہ کو اسرائیل کی دہشتگردی کا جواب دینے کیلئے متحد ہوجانا چاہیے، آج دنیا بھر میں مسلمان متحد نہ ہونے کے باعث کمزور ہیں ، مسلمان دنیا بھر میں امریکی ظلم وستم کا نشانہ بن رہے ہیں ، ہمیںامریکا کے خلاف متحدہ ہونا ہوگا ۔