وزیر اعلی شہباز شریف کی شوگر کے مریض سے پُرمزاح گفتگو

”کھابے گھٹ کھایا کرو، ہُن تے کج وی نئی کھاندا میں“،وزیر اعلی کا سوال اور مریض کا جواب،میاں صاحب تسی بہت ہی چنگاکم کیتا اے،مریضو ں کا سرجیکل ٹاور بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 مئی 2018 19:28

وزیر اعلی شہباز شریف کی شوگر کے مریض سے پُرمزاح گفتگو
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18مئی 2018ء) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے میوہسپتال میں سرجیکل ٹاور کا افتتاح کرنے کے بعد الٹرا ساؤنڈ ، میموگرافی ، چسٹ کلینک ، لانڈری یونٹ، کچن، سکل لیب، سرجیکل آئی سی یو، جنرل سرجیکل وارڈ، برن ری کنسٹرکشن یونٹ اور برن یونٹ کا دورہ کیا- وزیر اعلی نے اس موقع پر مریضوں سے گفتگو کی - ایک مریض نے بتایا کہ شوگر کی وجہ سے انفیکشن ہو گئی اور ڈاکٹرز نے بہترین دیکھ بھال کی ، اب میں صحت یاب ہو رہا ہوں - وزیر اعلی نے اس موقع پر مسکراتے ہوئے کہا کہ ”کھابے گھٹ کھایا کرو“- مریض نے کہا کہ ”ہن تے میں کج وی نئی کھاندا “وزیر اعلی شہباز شریف نے مریض کے تیماردار سے کہا کہ آپ ان کے کھانے کا خیال رکھا کریں یہ نہ ہو کہ یہ رات گئے چھپ کر کھانے میں بدپرہیزی کر لیں ؟ وزیر اعلی نے مریضوں کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی - اس موقع پر ایک مریض نے سرجیکل ٹاور کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”میاں صاحب تسی بہت ہی چنگاکم کیتا اے “ - اس موقع پر وزیر اعلی نے برن یونٹ میں داخل بچوں کو پیار کیا اور تحائف تقسیم کئے- وزیر اعلی شہباز شریف نے مریضہ کی عیادت کی اور علاج کے بارے میں دریافت کیا- وزیر اعلی نے مریضوں سے بار بار دریافت کیا کہ میرے لائق کوئی خدمت ہے تو بتائیں-بعد ازاں وزیر اعلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ ہماری حکومت کے بارہ دن باقی ہیں لیکن میں نے بارہ مزید ہسپتالوں کے افتتاح کرنے ہیں- انہوں نے میڈیا سے گفتگو کا اختتام اپنے پسندیدہ اشعار پر کیا!تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں،تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے،نہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو،کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے۔