لاہور، اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کے باوجود عالم اسلام کے بزدل حکمران خواب غفلت سے بیدار ہونے کو تیار نہیں،راشد نسیم

ساٹھ سے زائد شہادتوں اور ہزاروں زخمیوں کے ابلتے خون سے بھی مسلم حکمرانوں کے مردہ ضمیر میں زندگی کی کوئی رمق پیدا نہیں ہوئی ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

جمعہ 18 مئی 2018 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے مسجد الفلاح نارتھ ناظم آباد کراچی میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ درندہ صفت اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر سیدھی فائرنگ اور گولہ باری کے باوجود عالم اسلام کے بزدل حکمران خواب غفلت سے بیدار ہونے کو تیار نہیں ۔ ساٹھ سے زائد شہادتوں اور ہزاروں زخمیوں کے ابلتے خون سے بھی مسلم حکمرانوں کے مردہ ضمیر میں زندگی کی کوئی رمق پیدا نہیں ہوئی ۔

ایک طرف معصوم فلسطینی بچوں کے تڑپتے لاشے ہیں ، بہنوں اور بیٹیوں کی بے گورو کفن لاشیں ہیں اور دوسری طرف عیاشیوں میں مگن مسلم حکمران ہیں ۔ راشد نسیم نے کہاکہ دشمن ہمیں باہمی انتشار کا شکار کر کے کمزور کر رہاہے اور ہمارے حکمران دشمن کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو مجرمانہ خاموشی توڑ کر فلسطین میں ہونے والے مظالم کی مذمت اور مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں ۔

سعودی عرب اور ایران کو باہمی رنجشیں ختم کر کے امت کی وحدت کو پارہ پارہ ہونے سے بچاناچاہیے ۔ اگر سعودی عرب ، ایران ، ترکی اور پاکستان متحد ہو جائیں تو اسلام دشمن قوتوں کو موثر جواب دیااور مسلم امہ کو مسائل کی دلدل سے نکالا جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ، انہیںکسی میدان میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔