سعودی ولی عہد کی ہلاکت کی افواہیں دم توڑ گئیں

سعودی پریس ایجنسی نے محمد بن سلمان کی تازہ ترین تصویر جاری کردی، تصویر مصری صدر کی جانب سے دی جانے والی خصوصی دعوت کی ہے

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 مئی 2018 20:04

سعودی ولی عہد کی ہلاکت کی افواہیں دم توڑ گئیں
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18مئی 2018ء) سعودی ولی عہد کی ہلاکت کی افواہیں دم توڑ گئیں جبکہ سعودی پریس ایجنسی نے محمد بن سلمان کی تازہ ترین تصویر جاری کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایرانی اور روسی میڈیا کی جانب سے ایک خبر جاری کی گئی تھی جس نے عرب دنیا میں ہلچل مچا دی تھی۔ خبر میں دعوی کیا گیا تھا کہ اس وقت عرب دنیا کی طاقتور ترین شخصیات سعودی ولی عہد سلمان بن محمد کی موت واقع ہوگئی ہے۔

خبر میں مزید دعوی کیا گیا تھا کہ سلمان بن محمد کو گزشتہ ماہ 21 اپریل کو شاہی محل پر ہونے والے مبینہ حملے میں قتل کردیا گیا تھا۔ چونکہ محمد بن سلمان 21 اپریل کے بعد سے غائب ہیں، اسی لیے ان کی موت واقع ہو جانے کی خبروں کو درست قرار دیا جا رہا تھا۔ تاہم سعودی ولی عہد کی ہلاکت کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

 جمعہ کے روز سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے سعودی علی عہد محمد بن سلمان کی تازہ ترین تصویر جاری کی گئی۔

تصویر مصری صدر کی جانب سے دی جانے والی خصوصی دعوت کی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جاری کی گئی تصویر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ذاتی دفتر کے نگران بدر العساکر نے شہزادہ محمد، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ مححمد بن زاید آل نھیان، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی ایک غیر رسمی ملاقات میں بنائی۔

تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس کے بارے میں بڑے پیمانے پر پسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ متذکرہ دوستانہ تصویر اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر پوسٹ کرتے وقت العساکر لکھتے ہیں کہ "دو بھائیوں کے درمیان دوستانہ ملاقات مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی میزبانی میں چند دن پہلے ہوئی"۔ تاہم اس تصویر کی تاریخ اور وقت سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔