کون خدمت کرتا ہے، کون جھوٹ کی سیاست، الیکشن میں عوام فیصلہ کرینگی:شہبازشریف

عوام کو دھوکہ دینے والے الیکشن میں منہ کی کھائیں گے، زندگی عوام کیلئے وقف ، جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے،ہیلتھ کا فرسودہ کلچر بدل چکا ہے، اب ہسپتال خدمت مرکز ہیں، صوبہ بھر میں مفت طبی ٹیسٹوں کی سہولت تاریخی اقدام ہے، وزیراعلیٰ ارکان اسمبلی کا ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد

جمعہ 18 مئی 2018 20:24

کون خدمت کرتا ہے، کون جھوٹ کی سیاست، الیکشن میں عوام فیصلہ کرینگی:شہبازشریف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کون خدمت کرتا ہے، کون جھوٹ کی سیاست، عوام الیکشن میں فیصلہ کریں گے۔ عوام کو دھوکہ دینے والے الیکشن میں منہ کی کھائیں گے۔ زندگی عوام کیلئے وقف کردی، جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود اور ملک و قوم کی ترقی ہے۔

پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت کی، خدمت کے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تاریخی ترقیاتی منصوبوں سے دورس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پنجاب میں ہیلتھ کا فرسودہ کلچر بدل چکا ہے، اب ہسپتال خدمت مرکز ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر کے عوام کو مفت طبی ٹیسٹوں کی سہولت تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خدمت کا مزید موقع دیا تو پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں میں نئے ہسپتال بنائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب میں تعلیم، صحت اور زراعت کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے پیش کئے۔ ارکان اسمبلی نے ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ شہبازشریف ایسے وژنری لیڈر ہیں جو ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کی صلاحیت سے مالامال ہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر، ارکان صوبائی اسمبلی مناظر حسین رانجھا، آزاد علی تبسم، اعجاز شفیع اور ملک ذوالفقار ڈوگر شامل تھے۔