پوری قوم کو شہید کرنل سہیل عابد کی قربانی پر فخر ہے اور ان کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں، سینیٹر رحمن ملک

جمعہ 18 مئی 2018 20:26

پوری قوم کو شہید کرنل سہیل عابد کی قربانی پر فخر ہے اور ان کی شہادت کو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ پوری قوم کو شہید کرنل سہیل عابد کی قربانی پر فخر ہے اور ان کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک کے بہادر بیٹے نے مادر وطن پر اپنی جان نچھاور کرکے ان بزدل دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وطن کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو شہید کرنل سہیل عابد کی قبر پر فاتحہ خوانی کے بعد کیا۔ سینیٹر رحمن ملک تین بجے کرنل شہید سہیل عابد کے گائوں بوبڑی راجگان پہنچے۔ انہوں نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، پاک فوج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، انشاء الله پاک فوج کی قربانیاں اور خون رائیگاں نہیں جائے گا، آج پوری قوم کو دشمن کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے، سیاسی قیادت کا فرض بنتا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو، دہشت گرد نہ صرف ملک بلکہ انسانیت کے دشمن ہیں، ان کو شکست دینا قرمی فریضہ ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، داعش، لشکر جھنگوی اور طالبان بیرونی ایجنسیوں کے کرائے کے قاتل ہیں جو ملک میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ شہید کرنل کے والد نے سینیٹر رحمن ملک سے گائوں اور روڈ کا نام شہید سہیل عابد کے نام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ سینیٹر رحمن ملک نے اس سلسلہ میں سینٹ میں قرارداد پیش کرنے کا وعدہ کیا۔