ملتان،رمضان المبارک میں سیاسی سرگرمیوں کی نوعیت تبدیل،جلسوں کی بجائے افطارپارٹیوں کاا نعقاد

جمعہ 18 مئی 2018 20:47

ملتان۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) رمضان المبارک کے مہینے میں دیگر سماجی سرگرمیوں اور تقریبات کی طرح سیاسی سرگرمیاں بھی ماند پڑ جاتی ہیں لیکن اس مرتبہ رمضان کا مہینہ سیاسی طورپر بھی بہت سی سرگرمیاں سمیٹے ہوئے ہے لیکن ان کی نوعیت مذہبی زیادہ ہوگئی ہے ،رمضان المبارک کے آغاز میں ہی سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے اپنے والد سید علمدار حسین گیلانی کی برسی کے موقع پر ایک بڑی تقریب کااہتمام کیا ہے،یہ اہتمام یوسف رضاگیلانی ہرسال کرتے ہیں اور اس تقریب میں ملک بھر سے اہم سیاسی شخصیات بھی شریک ہوتی ہیں خاص طورپر سرائیکی خطے کے کم وبیش تمام سیاسی رہنمائوں کے لیے برسی کی یہ تقریب ملاقات کا بہانہ ہوتی ہے،یوسف رضاگیلانی اوران کے صاحبزادے چونکہ مختلف حلقوں سے امیدوارہیں اس لیے ان تمام حلقوںکے کارکنوں اور اہم شخصیات کو برسی کی تقریب اور افطاری میں مدعو کیاگیا ہے،یوسف رضاگیلانی کے علاوہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی بھی ہرسال رمضان المبارک میں اپنے والدسابق گورنرپنجاب مخدوم سجاد حسین قریشی کی برسی کا اہتمام کرتے ہیں،یہ برسی جمعتہ الوداع کے روز دربار حضرت بہائوالدین زکریاکے احاطے میںمنعقد ہوتی ہے ،کچھ افطارپارٹیاں عوامی نوعیت کی ہوتی ہیں اور کچھ میں چنیدہ شخصیات کو مدعوکیاجاتا ہے، اس حوالے سے ملتان میں جماعت اسلامی کی افطارپارٹی بھی بہت اہم ہوتی ہے اور اسے سالانہ تقریب کا درجہ حاصل ہے،یہ افطارپارٹی عموماً ماہ رمضان کے آخری عشرے میں منعقد ہوتی ہے اوراس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور کارکن شریک ہوتے ہیں۔