رمضان المبار ک میں بھی بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا اور شہریوں کو نظرانداز کرنا نہیں تو اور کیا ہی ارکان صوبائی اسمبلی

کراچی میں بنیادی ضروریات کے فقدان اور دن بدن اس کے بحران میں اضافہ پر ارباب اختیار و اقتدار خاموش ہیں ، ایم کیو ایم

جمعہ 18 مئی 2018 20:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی کراچی میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی شدید قلت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورسوال کیاہے کہ کراچی کے شہریوں کو رمضان المبار ک میں بھی بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا اور ماضی کی روش برقرار رکھ کر انہیں پریشانیوں اورمشکلات میں مبتلا رکھنا کراچی اور اس کے شہریوں کو نظرانداز کرنا نہیں تو اور کیا ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مسلم اور غیر مسلم ممالک میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جاتے ہیں لیکن کراچی میں تو شہریوں کو رمضان المبارک میں ریلیف کی فراہمی کے بجائے مہنگائی کا سامنا ہے اور شہری بجلی ، گیس اور پانی جیسی ضروریات سے محروم ہیں اوریہ بحران دن گزرنے کے ساتھ ساتھ سنگین صورتحال اختیار کرتے چلے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت میں 70فیصد سے زائد ریونیو دینے والا کراچی اور اس کے شہری نجانے کس جرم اور سزا کے طو رپر بنیادی ضروریات کے بحران کو جھیل رہے ہیں اور تعجب اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کراچی میں بنیادی ضروریات کے فقدان اور دن بدن اس کے بحران میں اضافہ پر ارباب اختیار و اقتدار خاموش ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں پانی ، بجلی اور گیس کے بحران سے ثابت ہوتا ہے کہ کراچی اور اس کے شہریوں کو صرف کمائی کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے اور اس کے مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے کوئی سیاسی ومذہبی جماعت اور ارباب اختیار و اقتدار عملی اقدامات کرنے سے گریزاں ہیں اور ستم بالائے ستم تو یہ ہے کہ کراچی میں بنیادی ضروریات کے بحران کو بھی سیاسی ومذہبی جماعتوں نے اپنی سیاسی دکانیں چمکانے کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بجلی ، پانی اور گیس کا بحران مصنوعی ہے اس مذموم عمل کے پیچھے جو عناصر کارفرما ہے وہ کراچی کی ترقی روک کر ملک کی معیشت کا بھٹہ بٹھانا چاہتے ہیں ۔ حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے ارباب اختیار و اقتدار سے مطالبہ کیا کہ کراچی اور اس کے شہریوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بنیادی ضروریات کے بحران سے فی الفور نجات دلائی جائے اور شہریوں کو ان بحرانوں میں مبتلا رکھنے والے عناصر کا سخت احتساب کیاجائے ۔