عالم اسلام متحد ہوکر امریکی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے جدوجہد کرے،متحدہ علماء محاذ

القدس میں امریکی سفارت خانے کے قیام کیخلاف متحدہ علماء محاذ کے قائدین کا اجتما عات سے خطاب

جمعہ 18 مئی 2018 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کی مختلف مساجد میں علماء کرام نے احتجاجی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام متحد ہوکر امریکی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے جدوجہد کرے، القدس ہمیشہ فلسطینی مسلمانوں کی ریاست کا حصہ رہا ہے جسے عالمی اداروں نے تسلیم کیا ہے لیکن امریکہ نے امت مسلمہ کے جذبات برآنگیختہ اور دنیا بھر کے امن کو دائو پر لگانے کیلئے اس سازش کا آغاز کیا ہے، جس کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

احتجاجی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئر مین علامہ عبدالخاق فریدی نے جامع مسجد محمدی ، مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے مسجد نور ایمان ناظم آباد میں،بانی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے جامع مسجد ابو ایوب انصاری ، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے جامع مسجد رحمانیہ لیاقت آباد اوردیگر مساجد و امام بارگاہوں میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سلیم اللہ ترکی ،علامہ علی کرار نقوی،علامہ وحید نورانی،علامہ سیدجہاں زیب سبزواری نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ کا قیام مسلمانوں کی غیرت ایمانی کیلئے کھلا چیلنج ہے اس کاسب سے بڑا سبب مسلم حکمرانوں کی بے حسی آپسی ناچاقی اور باہمی انتشار ہے، بعض مسلم حکمرانوں کی طرف سے امریکی چاپلوسی کی وجہ سے امریکہ کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، اس طرح کے حالات رہے تو مسئلہ کشمیر بھی کھٹائی میں پڑجائیگا ،جسے قائداعظم نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔