سکھر کے علاقوں نمائش گرائونڈ، نیو گوٹھ، میران محلہ میں پینے کے پانی کی قلت کے خلاف علاقہ مکینوں کا ٹائر نذر آتش کرکے احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 18 مئی 2018 21:04

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) سکھر کے علاقے نمائش گراؤنڈ ،نیو گوٹھ ،میرانی محلہ میں پینے کے پانی کی قلت کے خلاف علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے ٹائر نذرآتش کر کے سکھر میونسپل کارپوریشن کے ایکسئین انجینئر شرف الدین ڈنور کے نامناسب روئیہ کے خلاف نعرے بازی کی مظاہرے کی۔ قیادت جمعیت علماء اسلام کے مفتی اعظم مہر، مختیار احمد میرانی، محمد حاکم ،میرانی ،رستم مہر،انیس احمد ابڑو سمیت دیگر علاقہ معززین کر رہے تھے۔

مظاہرین نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں بھی سکھر انتظامیہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی۔ واٹر سپلائی قریب ہونے کے باوجود کئی دنوں سے علاقے میں پانی کی سپلائی بندکر رکھی ہے۔ فراہمی آب معطلی کی وجہ سے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

علاقے میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے۔

گھریلوں اور عبادتی سرگرمیاں مفلوج ہو گئی ہیں۔ مساجد میں وضو کے لئے پانی نہیں ہے ۔مکینوں کو سحری اور افطار میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ جب سے شرف الدین ڈنور ایکسیئن تعینات ہوا ہے جب سے شہر اور شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔ مظاہرین نے چیئرمین واٹر کمیشن سے سکھر میں فراہمی آب کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔