رمضان المبارک کی آمد سے ہی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا

ارباب اختیار کے دعوے اور اعلانات صرف اخبارات اور چینلز تک محدود اور عملی طور پر صفر رہے ۔نمازوں کے اوقات میں بھی لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے

جمعہ 18 مئی 2018 21:07

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) رمضان المبارک کی آمد سے ہی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا۔ارباب اختیار کے دعوے اور اعلانات صرف اخبارات اور چینلز تک محدود اور عملی طور پر صفر رہے ۔نمازوں کے اوقات میں بھی لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے دعوہ کیا تھا کہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کم سے کم ہوگی لیکن عام دنوں کے مقابلے میں لوڈ شیڈنگ میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔

ارباب اختیار کی طرف سے جاری پرائس لسٹ صرف اور صرف ہاتھی کے دانتوں کی طرح ثابت ہوئیں کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں۔عام آدمی کے لئے اس مہنگائی کے طوفان میں سحری اور افطاری کے دیگر لوازمات تو دور کی بات ہے صرف دو روٹیاں ہی میسر آجائیں تو بہت بڑی بات ہے۔

(جاری ہے)

اس اکیسوی صدی میں انسانوں کے روپ میں بسنے والے شیطان تو رمضان المبارک جیسے پاک مہینے کا لحاظ نہیں کرتے اشیاء خوردنوش حد سے زیادہ مہنگی کر دی جاتی ہیں۔

مغربی ممالک میں ان کے مذہبی تہواروں کے موقع پر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کر دی جاتی ہے۔کئی غیر مسلم ممالک میں رمضان کے موقع پر بڑے بڑے اسٹورز میں رمضان پیکج متعارف کروائے جاتے ہیں نصف قیمتوں پر اشیاء دستیاب ہوتی ہیں۔پاکستان میں جس رفتار سے مہنگائی بڑ رہی ہے اخلاقی قدریں ختم ہوتی جارہی ہیں۔کل کی فکر نے لوگوں کا آج برباد کر دیاہے۔ایک نفسا نفسی کا عالم ہے۔جس میں اپنے پرائے سبھی شامل ہیں۔رمضان بابرکت مہینہ ہے لیکن منافع خوروں اور ذخیرہ اندزوں کی وجہ سے روزے داروں کی اور خاص غریبوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔