بندھانی برادری کی سیپکو انتظامیہ کی جانب سے 100ٹرانسفارمر منگوائے جانے کے باوجود گنجان آبادی والے علاقوں میں نصب نہ کئے جانے کی مذمت

جمعہ 18 مئی 2018 21:07

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی نے سیپکو انتظامیہ کی جانب سے 100ٹرانسفارمر منگوائے جانے کے باوجود گنجان آبادی والے علاقوں میں نصب نہ کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواں گوٹھ میں 100کے وی کا ٹرانسفارمر لگاکر عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے، نواں گوٹھ میں رحیم کالونی، قبا مسجد اور میونسپل ڈسپنسری والے علاقوں میں 200کے وی کے 5ٹرانسفارمر لگانے چاہیے تاکہ علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنیوالے علاقہ مکینوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی مسلم، حافظ شعیب، حاجی یامین، عبدالجبار راجپوت ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حاجی شریف بندھانی کا کہنا تھا کہ سیپکو انتظامیہ کی جانب سے 100سے زائد منگوائے گئے ٹرانسفارمر سفارشی اور من پسند بنیادوں پر لگانے کے بجائے ان علاقوں میں لگانے چاہیے جہاں پر ٹرانسفارمر نصب کرنے کی ضرورت ہے۔

ماہ رمضان المبارک میں عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لئے وفاقی حکومت نے بلند و بانگ دعوے کئے ہیں اور سیپکو انتظامیہ بھی یہ دعوے کررہی ہے کہ سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ شہر کے متعدد علاقوں میں ضرورت سے زیادہ لوڈ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر خراب ہورہے ہیں، جن کی درستگی کے لئے سیپکو کے بعض افسران و اہلکار خطیر رقم طلب کررہے ہیں۔

نواں گوٹھ 50ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل ہے، جہاں پر صرف چند ٹرانسفارمر لگے ہیں اور حال ہی میں 100کے وی کا ایک ٹرانسفارمر لگاکر سیپکو انتظامیہ اپنی جان چھڑانا چاہ رہی ہے حالانکہ نواں گوٹھ میں 200کے وی کے کم از کم 5ٹرانسفارمر لگنا چاہیے تاکہ ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہوکر ناکارہ نہ ہو۔ انہوں نے سیپکو چیف ودیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر نواں گوٹھ میں 200کے وی کے ٹرانسفارمر رحیم کالونی، قبا مسجد اور میونسپل ڈسپنسری کے علاقوں میں لگائے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

متعلقہ عنوان :