آئی سی سی پر تنقید، پی سی بی کا محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

کرکٹ بورڈ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر آل راونڈر سے جواب طلبی کرے گا

جمعہ 18 مئی 2018 21:35

آئی سی سی پر تنقید، پی سی بی کا محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے آل رانڈر محمد حفیظ کو شو کاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔آل راونڈر محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر پی سی بی نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔محمد حفیظ کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ جب بائیو مکینک ٹیسٹ کے لیے گئے تو پتہ چلا کہ ان کی بولنگ 17، اور 18 ڈگری پر ہے۔ آل راونڈر نے سوال اٹھایا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی بولنگ 15ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کی 16ڈگری پر بولنگ کرنا تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 30،25اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے کرکٹ بورڈز کی طاقت ہے جس کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا اور بہت سی جگہوں پر تعلقات ہیں جنہیں کوئی خراب کرنا نہیں چاہتا۔یاد رہے کہ 37سالہ پاکستانی آل رانڈر محمد حفیظ کا تین مرتبہ بولنگ ایکشن رپورٹ ہوچکا ہے اور حال ہی میں آئی سی سی نے انہیں بولنگ کی اجازت دی ہے، ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر آل راونڈر سے جواب طلبی کرے گا۔