محمد عامر کی فٹنس، متبادل بولر کے نام پر غور شروع

قومی سلیکشن کمیٹی کا تجربہ کار پیسر کی دستیابی پر ٹیم انتظامیہ سے مسلسل رابطہ

جمعہ 18 مئی 2018 21:35

محمد عامر کی فٹنس، متبادل بولر کے نام پر غور شروع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) محمد عامر کی فٹنس پر شکوک کی وجہ سے متبادل بولرکے نام پرغور شروع ہوگیا۔محمد عامر ڈبلن ٹیسٹ میں فٹنس مسائل کا شکار ہوئے اور میدان سے باہر چلے گئے، اگلے روز ایکشن میں نظر آئے لیکن اس دوران فیلڈ میں تھوڑا ڈگمگاتے بھی دیکھے گئے، مینجمنٹ اہم بولرکے حوالے سے کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں، اگر مسائل میں اضافے کا خدشہ ہوا تو میدان میں نہیں اتارا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں قومی سلیکشن کمیٹی نے متبادل بولر کے نام پر غور شروع کردیا ہے، ریزروز میں موجود وہاب ریاض، میر حمزہ اور وقاص مقصود امیدواروں میں شامل ہیں، قومی سلیکشن کمیٹی محمد عامر کی فٹنس کے معاملے پر ٹیم انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وہاب ریاض نے آپریشن کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا، فاسٹ بولر کا دو ہفتے قبل ناک کا آپریشن ہوا تھا جس کے بعد ڈاکٹروں نے انھیں آرام کا مشورہ دیا تھا تاہم اب انہوں نے ٹریننگ شروع کر دی۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پیسر کو منتخب نہیں کیا تھا، ان کا ڈربی شائر سے معاہدہ ہوچکا ہے اور وہ رواں سیزن میں کاونٹی کرکٹ کھیل کر اپنی فارم بحال کرنے کا پلان بناچکے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو 24اپریل سے لارڈز ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈ کے مقابل ہونا ہے،اس سے قبل محمد عامر پر بولنگ کو بوجھ لادنے یا گریزکرنے کا فیصلہ اہم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :