صادق سنجرانی نے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشاکو نشانِ امتیاز ملٹری عطا کر دیا

نشانِ امتیاز ملٹری عطا کرنے پر قائم مقام صدر ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا مشکور ہوں ، پاک چین دوستی آزمائش کے ہر موقع پر پورا اتری، یہ نسل در نسل جاری رہے گی ،چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشا ن

جمعہ 18 مئی 2018 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) قائم مقام صدر مملکت محمد صادق سنجرانی نے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشاکو نشانِ امتیاز ملٹری عطا کر دیا۔چینی فوج کے سربراہ کو اعزاز عطا کرنے کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہا ن کے علاوہ اعلی سول و فوجی حکام نے شرکت کی ۔

تقریب کے بعد معزز مہمان نے قائم مقام صدر سے ملاقات بھی کی ۔ قائم مقام صدر نے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز حاصل کرنے پر معزز مہمان کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ، ہمسائے اور قابلِ اعتماد ساتھی ہیں کیونکہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام اور اعتماد کے لازوال اور غیر متزلزل رشتے سے جڑی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور ہمارے دفاعی تعلقات خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔

انھوں نے کشمیر سمیت سلامتی اور علاقائی استحکام کے معاملات میں چین کی غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشا نے نشانِ امتیاز ملٹری عطا کرنے پر قائم مقام صدر ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک چین دوستی آزمائش کے ہر موقع پر پورا اتری ہے اور یہ نسل در نسل جاری رہے گی ۔