سنٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین کا نیول ہیڈ کوارٹر ز کا دورہ،ظفر محمود

عباسی سے ملاقات پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی،ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول سی پیک پرتبادلہ خیال کیا گیا، ترجمان پاک بحریہ

جمعہ 18 مئی 2018 21:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) سنٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشا نے نیول ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی ۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے جنرل چانگ یوشاکا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

بعد ازاں ، سنٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشا نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول بیلٹ اینڈ روڈ انیشیئٹِو کے اہم منصوبے سی پیک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔پاک بحریہ کے سربراہ ا یڈمرل ظفر محمود عباسی نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے قریبی اور مضبوط تعلقات کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا ۔

(جاری ہے)

سنٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین نے پاکستان کو چین کا ہر مشکل دور کا دوست ملک قرار دیا۔پاک بحریہ کے سربراہ اور سنٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین نے سی پیک اور اس سے جُڑے منصوبوں کی کامیابی کو خطے اور آس پاس کے ممالک کے لوگوں کی خوشحالی اور اقتصادی ترقی قرار دیا۔ملاقات کے بعد معزز مہمان کو بحرِ ہند کی سکیورٹی صورت حال اورخطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوسرے مرحلے میںجنرل چانگ یوشا، کراچی میں پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز کا دورہ بھی کریں گے۔ سنٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص مسلح افواج کے درمیان باہمی تعلقات میںمزید استحکام کا باعث بنے گا۔

متعلقہ عنوان :