دہشت گرد ملک میں افرتفری پھیلانا چاہتے ہیں ‘ پاک فوج کا دہشت گردی کیخلاف آپریشن پر پوری قوم ساتھ کھڑی ہے‘ ملکی ترقی کیلئے دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے‘ پاکستان کشمیری عوام کے ایمان کا حصہ ہے

سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چودھری بابر شہزادکی صحافیوںسے گفتگو

جمعہ مئی 21:58

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چودھری بابر شہزادنے کہاہے کہ دہشت گرد ملک میں افرتفری پھیلانا چاہتے ہیں ۔ پاک فوج کا دہشت گردی کے خلاف آپریشن پر پوری قوم ساتھ کھڑی ہے۔ ملکی ترقی کے لیے دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرئینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چودھری بابر شہزاد نے کہا بھارت ایک مکار اور چالاک دشمن ہے وہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھی ملوث ہے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر آئے روز بلااشتعال گولہ باری سے وہ سرحدی علاقوں کے نزدیک رہنے والوں کو شہید کر رہا ہے انہوں نے کہا عالمی طاقتیں بھارت کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لے ورنہ بھارت کی ایک غلطی سے عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے انہوں نے کہا بھارت جنگ بندی معائدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے دنیا کے امن پسند ممالک بھارت سے تمام سفارتی تعلقات ختم کرئے۔

(جاری ہے)

چودھری بابر شہزاد نے کہا مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا ہے جنوبی ایشاء میں امن قائم رکھنے کے لیے اس مسئلہ کا حل کشمیریوں کی مرضی و منشا کے مطابق ہونا چاہیے کیونکہ اس کے اصل فریق کشمیری ہیں۔