باجوڑ ایجنسی میں بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ،عوام رل گئے،گورنر خیبر پختونخوا نوٹس لیں

چکدرہ گریڈ اسٹیشن سے بجلی فراہمی مسلسل بندہونے کیوجہ سے علاقہ کربلا کا منظر پیش کرنے لگا

جمعہ 18 مئی 2018 21:51

باجوڑ ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) باجوڑ ایجنسی میں بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ،عوام رل گئے ،چکدرہ گریڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی مسلسل بندہونے کی وجہ سے علاقہ کربلا کا منظر پیش کرنے لگا، پانی کی شدید قلت نماز کی ادائیگی کیلئے عوام تیمم کرنے پر مجبو،کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ،کئی علاقوں میں مہینوں سے بجلی غائب۔

گورنر خیبر پختونخوا فوری نوٹس لیکر مسئلہ کا حل نکالیں۔ان خیالات کااظہار باجوڑ ایجنسی کے سیاسی ،سماجی اور عوامی حلقوں نے ایک مشترکہ اخباری بیان میں کیا ۔حکومت باجوڑ ایجنسی کو لوڈ شیڈنگ سے فری قرار دیکر ان کی مشکلا ت کا ازالہ کریں ۔عوامی حلقوں نے باجوڑ ایجنسی میں جاری ظالمانہ لوڈشیدنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسے فوری بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان حلقوں کا کہنا ہے کہ باجوڑ ایجنسی کے عوام نے اس ملک وقوم کے خاطر جو قربانیاں دی ہیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت باجوڑ ایجنسی کو لوڈ شیڈنگ فری قراردیکر باجوڑ ی عوام کو مزید مشکلا ت سے دوچار کرنے سے گریز کریں ۔باجوڑ ایجنسی کے عوام نے کہا ہے کہ باجوڑ ایجنسی کے ذیادہ تر علاقوں میں 24 گھنٹوں میں صرف دس منٹ کیلئے بجلی دستیاب ہے جبکہ کئی علاقوں میں دس دس دن سے بجلی غائب اور ان علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

علاقہ کربلا کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ بجلی سے وابستہ لوگوں کا کاروبار بلکل تباہ ہوگیاہے ۔عوام نے گورنر خیبر پختونخواہ سے مطالبہ کیا ہے کہ باجوڑایجنسی میں لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کریں تاکہ علاقے میں لوگوں کا کاروبار بحال ہوسکے اور پانی کے قلت کا خاتمہ ہوسکیں ۔