Live Updates

وفاق کی سیاست کرنا شہباز شریف کے بس میں نہیں، اقتدار ملا تو صوبائیت کو فروع مل سکتا ہے، میاں محمودالرشید

نواز شریف کے بیا نیہ سے لگتا ہے ’’ شیر ‘‘ بھی ن لیگ سے نہ نکل جائے گا، قائد حزب اختلافپنجاب اسمبلی

جمعہ 18 مئی 2018 22:05

وفاق کی سیاست کرنا شہباز شریف کے بس میں نہیں، اقتدار ملا تو صوبائیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ وفاق کی سیاست کرنا شہباز شریف کے بس میں نہیں، اقتدار ملا تو صوبائیت کو فروع مل سکتا ہے، نواز شریف کے بیا نیہ سے لگتا ہے ’’ شیر ‘‘ بھی ن لیگ سے نہ نکل جائے گا، نواز شریف کا اصل چہرہ دیکھنے کے بعد ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں، نواز شریف جیل گئے تو ہمدردی نہیں ملے گی، الٹا بچی کچھی پارٹی بھی ادھر ادھر چلی جائے گے ۔

وہ پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ثابت کیا کہ ’’ عوام‘‘ انکا ایجنڈا نہیں ہے، دونوں پارٹیوں نے اقتدار کو اپنے مکروہ مقاصد اور ریاستی وسائل کو اپنی ذات پر خرچ کرنے پر استعمال کیا، اسی لئے منتخب عوامی نمائندے انکا اصل چہرہ دیکھنے کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں، نواز شریف کے حالات اور بیا نیہ سے لگتا ہے اب ’’ شیر ‘‘ بھی ن لیگ سے نکل جائے گا۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نواز شریف پر کڑا وقت آیا انہوں نے اپنی پارٹی اور وفادار ساتھیوں سے بے وفائی کی اور راہ فرار اختیار کیا اس بار بھی اگر انہیں نیب ریفرنسز میں سزا سنائی گئی تو وہ جیل میں زیادہ دیر تک وقت نہیں گزاریں گے کیونکہ اڈیالہ ہو، لانڈھی یا کوئی اور جیل یہ سب مقام عبرت ہیں، نواز شریف معافی بھی مانگیں گے اور این او بھی لیکن اب حالات ویسے نہیں رہے، اب نہ ریاستی ادارے کسی کے گھر کی لونڈی ہیں اور نہ عوام کوئی غیر آئینی اقدام ہونے دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ نیب اپنے قیام کے بعد پہلی بار درست سمت میں کام کر رہا ہے، بطور سیاسی جماعت تحریک انصاف نیب کے اقدامات کی بھرپور حمایت و تائید کرتی ہے کیونکہ بلا امتیاز احتساب ہی تحریک انصاف کا منشور ہے لہٰذا نواز شریف جو نیب سمیت دیگر ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں وہ صرف اپنا جرم چھپانے اور لوٹی دولت کے دفاع کیلئے ہے، ہم یہ سمجھتے ہیں نوازشریف کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے نیب کو دبائو میں لا کر متنازعہ کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ یہ تاثر ن لیگ پیدا کر رہی ہے لیکن نواز شریف جیل گئے تو ہمدردی نہیں الٹا انکے حامی بھی انکو چھوڑ جائیں گے اور وفاق کی سیاست کرنا شہباز شریف کے بس میں نہیں، شہباز شریف آئے تو صوبائیت کو فروع مل سکتا ہے۔پہلے پنجاب کے سارے فنڈز تحت لاہور پر خرچ ہوتے ہیں پھر پورے ملک کا بجٹ یہاں لگے گا، وفاق میں آئے تو پورے ملک کو کچرا کنڈی بنا کر لاہور کو مزید اسکی اصل شکل سے محروم کر دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات