کمشنر ڈیرہ غازی خان احمد علی کمبوہ کا سستے رمضان بازاروں کے انتظامات و انصرام اور ریلیف کا جائزہ

جمعہ 18 مئی 2018 22:06

چوک اعظم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان احمد علی کمبوہ نے سستے رمضان بازاروں کے انتظامات و انصرام اور ریلیف کے جائزہ کے لیے لیہ اور کوٹ سلطان بازاروں کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ ،اے سی لیہ عابد کلیار،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی سید عامر شاہ ،انسپکٹرز نوید اولکھ و محمد افضل ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان نے کریانہ ،سبزی ،فروٹ ،گھی ،گوشت و آٹے،طبی کیمپ،الیکٹرونک پرائس بورڈ ،سکیل سٹال،برزگوں کے بیٹھنے کے لیے بنایا گیا سٹال ،استقبالیہ وسیکورٹی کامعائنہ اور مختلف سٹالوں کا جائزہ لیا جہاں اشیاء کی کوالٹی چیک کی اور خریداری میں مصروف صارفین سے نرخوں کے بارے میں دریافت کیا۔

جس پر مرد وخواتین صارفین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سستے رمضان بازار میں مارکیٹ سے تمام اشیاء کم نرخوں پر دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا۔کمشنر ڈی جی خان نے آٹے و چینی کے سٹالوں کو رش کے اوقات میں مزید منظم طور پر فعال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سستے رمضان بازاروں کی موثر مانیٹرنگ کے ذریعے صارفین کو معیاری اشیائے خورد نوش ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لیے بہتر خدمات سرانجام دے کر سستے بازاروں کے حصول کے مقاصد کو ممکن بنانے کی ہدایت کی۔