کینن فوم چیلنج کپ کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری ایسٹ زون کی ٹورنامنٹ کمیٹی کو مبارک باد

ٹورنامنٹ سے ایسٹ زون میںکلب کرکٹ فعال ہو ئی ہے ،امید ہے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ایاز یوسف خان ٹورنامنٹ سے ہمیں زونل ٹیموں کی سلیکشن میں آسانی ہو گی ،سیکرٹری ایسٹ زون کی گفتگو

جمعہ 18 مئی 2018 22:12

کینن فوم چیلنج کپ کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری ایسٹ زون کی ٹورنامنٹ ..
لاہور۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) لاہور ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد ایاز یوسف خان نے لاہور ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن میں کلب کرکٹ کا شاندار ٹورنامنٹ کروانے پر کینن فوم انڈسٹریز کے سی ای او شیخ محمد ابراہیم ،گولڈن سٹار کلب کے صدر واصف زمان ،لائن کلب پاکستان کے شفیع اللہ خان ،اعجاز فاروق اور شہباز علی کو مبارک باد پیش کی ہے ۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کینن فوم چیلنج کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احمد ایاز خان کا کہنا تھا کہ کینن چیلنج کپ سے ایسٹ زون میں کلب کرکٹ متحرک ہو نے کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوانے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم ملا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ شیخ محمد ابراہیم اور واصف زمان اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے اور یہ سلسلہ پورے ریجن تک پھیلایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایسٹ زون کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ہمیں زونل ٹیموں کے انتخاب میںبھی مدد ملے گی اور اب تک اس ٹورنامنٹ سے عزم الحق ،اسامہ عقیل ،ابرار احمد ،عمران علی ،زوہیب امانت ،ذیشان شبیر ،اسد رزاق ،مبشر غازی ،ذیشان اکرم ،سلمان علی ،عزیر ناصر ،نبیل نواز،شاہ رخ علی،اویس احمد،بلال منیر ،شیروز افضل ،سیف رسول سمیت کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو کہ مستقبل میں ایسٹ زون ،لاہور اور پھر پاکستان کرکٹ کا سرمایہ ثابت ہو ں گے۔احمد ایازکا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں پی سی بی پینل امپائرز کی موجودگی سے بہترین معیار کی کرکٹ دیکھنے میںآئی ہے انہوں نے ٹورنامنٹ کمیٹی کو اپنے بھر پور تعاون کا بھی یقین دلایا ۔