لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں فلسطینیوں کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی منایا گیا

جمعہ 18 مئی 2018 22:12

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں جمعہ کو فلسطینی عوام کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی منایا گیا۔ لندن میں مقیم پاکستانی برادری اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جمعہ نماز کے بعد فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس بات کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطینیوں کے لئے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فورسز کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پرزور مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف براہ راست گولہ بارود کے استعمال پر فوری کارروائی کرے، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 62 بے گناہ فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے۔

اس موقع پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ اسرائیلی مظام کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف کئے جانے والے جرائم کا ارتکاب دراصل انسانیت کے خلاف جرائم ہیں، جس کی تمام فورمز پر مذمت کی جانی چاہیے۔