تمام بازاروں میں شام کے اوقات میں بھی مٹن اور چکن کے کائونٹرز فعال رکھے جائیں،کمشنرملتان

جمعہ 18 مئی 2018 22:35

ملتان۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں روزہ داروں کو مہنگائی سے بچانے اور اعلیٰ معیار کی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کے لئے سستے رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں درجن بھر آئٹمز پر حکومت کی جانب سے خصوصی سبسڈی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن کے بازار صفائی ستھرائی اور انتظامات کے لحاظ سے صوبے کے بہترین بازاروں میں شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف رمضان بازاروں کے اچانک معائنے کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ریجنل پولیس آفیسر ادریس احمد اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی مبشر الرحمن سمیت ضلعی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر بلال احمد بٹ نے کہا کہ رمضان بازارقائم کرنے کا مقصد شہریوں کو ایک چھت تلے تمام اشیاء خوردونوش اور ماہ صیام میں استعمال ہونے والی اشیاء ضروریہ کو ارزاں نرخوں پر فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ریاست کی بنیادی ذمہ داریوں میں یہ شامل ہے کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھائے۔ کمشنر ملتان نے ہدایت کی کہ تمام بازاروں میں شام کے اوقات میں بھی مٹن اور چکن کے کائونٹرز فعال رکھے جائیں تاکہ خریداری کا رحجان تیز ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکج دے کر عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف دینے کی کوشش کی ہے جس پر عمل درآمد ضلعی انتظامیہ کا فرض ہے۔

تمام آفیسران اور اہلکار رمضان بازاروںمیں عبادت سجھ کر ڈیوٹی سرانجام دیں۔ اس موقع پر آر پی او ادریس احمد نے کہا کہ ملتان ڈویژن کے تمام رمضان بازاروں میںسکیورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ تمام داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھروگیٹس اور سکیورٹی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جن کی لائیو مانیٹرنگ کنٹرول روم سے منسلک ہے۔ آر پی او نے رمضان بازاروں میں شدید گرمی کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے جوانوں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی مبشر الرحمن نے کمشنر اور آر پی او کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔