پسند کی شادی پر نوبیاہتا جوڑا قتل، ملزم فرار

جمعہ 18 مئی 2018 22:35

میرپور خاص۔ 18مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) پتھور میں پسند کی شادی پر نوبیاہتا جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔ راشد راجپوت نے دو ماہ قبل پنجاب کے علاقے گجرنوالہ کی رہائشی لڑکی سونیا راجپوت سے پسند کی شادی کی تھی۔ جمعہ کو مسلح شخص نے نوبیاہتا جوڑے کے گھر میں داخل ہو کر دونوں کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے مقتول نوجوان کی بہن بھی زخمی ہو گئی۔

(جاری ہے)

پسند کی شادی پر سونیا کے خاندان والے ناراض تھے۔ مقتول کے ورثا نے مقتولہ سونیا کے عدیل نامی بھائی پر دوہرے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس نے دونوں لاشیں تحویل میں لینے کے بعد پوسٹمارٹم کے لئے تحصیل ہسپتال پتھورو منتقل کر دیا ہے جبکہ زخمی خاتون پتھورو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ مقتولین کے خاندان والے آپس میں قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ آخری اطلاعات تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔