سال قبل یہودیوں نے یورپ میں نازی کیمپوں میں جن مظالم کا سامنا کیا تھا آج یہودی حکومت فلسطینیوں پر ویسے ہی مظالم ڈھا رہی ہے‘ ہمیں یقین ہے کہ وہ لوگ جو خود ہالوکاسٹ کا شکار ہوئے ہیں وہ اپنی حکومت کے انسانیت سوز جرائم کی کبھی تائید وحمایت نہیں کریں گے

ترک صدر رجب طیب اردوان کی اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی سربراہ اجلاس کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 19 مئی 2018 00:10

استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کا موازنہ دوسری جنگ عظیم میں یہودیوں پر نازی مظالم سے کیا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی سربراہ اجلاس کے موقع پر کہا کہ 75 سال قبل یہودیوں نے یورپ میں جن مظالم کا سامنا کیا تھا آج ویسے ہی ظالمانہ مظالم کا سامنا غزہ میں ہمارے مسلم بہن بھائی کر رہے ہیں۔

ترک صدر نے اسلامی تعاون تنظیم کے چیئرمین کی حیثیت سے او آئی سی کا غیرمعمولی اجلاس طلب کیا ہے۔ جس میں پیر کے روز غزہ کی سرحد پر اسرائیلی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 60 فلسطینیوں کی شہادت کی صورتحال پر غورکیا جائے گا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران جن لوگوں کو نازی حراستی کیمپوں میں ہر طرح کے تشدد کا سامنا کرنا پڑا تھا آج ان کی قیادت فلسطینیوں پر نازیوں جیسے حملے کر رہی ہے‘ میں بالکل واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہوں گا کہ اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے یہ کھلی دہشت گردی اور ظلم ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران نازی کیمپوں میں 60لاکھ یہودیوں کو ہالوکاسٹ میں قتل کیا گیا تھا۔ ترک صدر نے قبل ازیں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہالوکاسٹ کا شکار یہودی لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی حکومت کو فلسطینیوں کے خلاف مظالم سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وہ لوگ جو خود ہالوکاسٹ کا شکار ہوئے ہیں وہ اپنی حکومت کے انسانیت سوز جرائم کی کبھی تائید اور اجازت نہیں دیں گے۔