غزہ بین الاقوامی امن مشن بھیجنے کی تجویز پر سلامتی کونسل کا اجلاس پرسوں ہوگا

ہفتہ 19 مئی 2018 10:20

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ بین الاقوامی امن مشن بھیجنے کی تجویز پر بحث کیلئے پرسوں پیر کو اجلاس کرے گی۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویت نے تجویز دی ہے کہ اقوام متحدہ ، مقبوضہ علاقوں کے فلسطینی باشندوں کو عالمی تحفظ مشن فراہم کرے۔اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت کرے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 30دن کے اندر فلسطینی شہریوں کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے کے طور طریقوں پر مشتمل رپورٹ پیش کرے۔کویت کا یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بے قصور فلسطینی شہریوں پر اسرائیل کے جابرانہ تصرفات اور ظالمانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنا یہ مطالبہ دہرایا تھا کہ غزہ کے واقعات پر بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کویت یکم جنوری 2018ء سے 2 سال کے لئے سلامتی کونسل کے عارضی ارکان میں شامل ہے۔کویت کی تجویز کی منظوری کیلئے حمایت میں 9ووٹ آنا ضروری ہیں۔اقوام متحدہ میں امریکی مشن نے اس درخواست پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ سفارتکارو ںکا کہنا ہے کہ اگر کویت نے مذکورہ تجویز ووٹنگ کیلئے پیش کی تو امریکہ اسے منظو رنہیں ہونے دیگا اور اس کے خلاف ویٹو کا حق استعمال کریگا۔