کویت کا سلامتی کونسل سے امن مشن غزہ بھجوانے کا مطالبہ،قرارد اد پیش

کونسل کے ارکان کل سے کویت کی قرارداد پر غور کریں گے،اقوام متحدہ کے سفارتکاروں کی گفتگو

ہفتہ 19 مئی 2018 12:10

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) خلیجی ریاست کویت نے سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کا مسودہ تقسیم کیا ہے جس میں عالمی ادارے سے فلسطین کے جنگ سے متاثرہ علاقے غزہ میں عالمی امن مشن بھجوانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق کویت کی طرف سے سلامتی کونسل کے سفیروں میں تقسیم کردہ قرارداد کے مسودے میں غزہ کے عام شہریوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور عالمی امن مشن غزہ بھجوانے کی درخواست کی ہے۔

(جاری ہے)

کویت نے غزہ کی پٹی کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے کے لیے وہاں پر عالمی امن فوج تعینات کرنے کی بھی تجویز پیش کی ہے۔اقوام متحدہ کے متعدد سفارت کاروں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کونسل کے ارکان آئندہ سوموار سے کویت کی قرارداد پر غور کریں گے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈانی ڈانون نے کویت کی قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔ اس قرارداد میں اقوام متحدہ کیسیکرٹری جرنل انتونیو گوٹیرس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کونسل کے ارکان کے سامنے غزہ میں پر تشدد واقعات کے حوالے سے ایک رپورٹ 30 دن کے اندر اندر پیش کریں۔