پاکستان کی معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے میں کامیاب

سوشل میڈیا پر منیبہ مزاری کی تصاویر وائرل ، صارفین کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 مئی 2018 12:32

پاکستان کی معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مئی 2018ء) : پاکستان کی معروف مصورہ، مقررہ اور سماجی کارکن منیبہ مزاری جو ایک وہیل چئیر تک محدود تھیں ، دس سال کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑی ہو گئیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر منیبہ مزاری نے اپنی تصاویر شئیر کیں جس میں وہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہیں۔ منیبہ مزاری کی یہ تصاویر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوشگوار حیرت ظاہر کی اور مبینہ مزاری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصویر میں ان کے ہمراہ ان کے دو بھائیوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ تصاویر پوسٹ کرنے کے ساتھ منیبہ مزاری نے لکھا کہ یہ ہم بہن بھائیوں کے لیے بڑا دن ہے، انہوں نے کہا کہ میں دس سال کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑی ہوئی ہوں۔

 انہوں نے علاج کرنے والے برطانوی ہیلتھ کئیر اور اپنے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

منیبہ مزاری برطانیہ کے گےلورڈ اسپیشلٹی ہیلتھ سینٹر( Gaylord Specialty Healthcare ) سے اپنا علاج کروا رہی ہیں، جہاں وہ ری واک روبوٹک کے ڈیزائن کردہ خصوصی آلات کو استعمال کر کے اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے میں کامیاب ہوئیں۔ یاد رہے کہ منیبہ مزاری 21سال کی عمر میں ایک کار حادثے کے باعث وہیل چیئر تک محدود ہو گئیں تھیں۔ اس حادثے کے بعد وہ اپنی دونوں ٹانگوں کے استعمال کی قوت کھو بیٹھی تھیں۔

 ریڑھ کی ہڈی  میں لگنے والی چوٹ نے ان کی زندگی اور شخصیت کا رخ تبدیل کر دیا اور وہ وہیل چئیر تک محدود ہو کر رہ گئیں۔منیبہ مزاری پاکستان کی پہلی وہیل چیئر تک محدود ماڈل ہیں۔ اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم نے معروف پاکستانی سماجی کارکن اور مصورہ منیبہ مزاری کو پاکستان میں اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر مقرر کر رکھا ہے۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ عالمی تنظیم کی تاریخ میں پہلی پاکستانی خاتون سفیر ہیں۔