پاکستانی ٹیم سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد ماسکو سے واپس وطن پہنچ گئی ،ْپیر امین الحسنات نے استقبال کیا

جن کھلاڑیوں پر قومی خزانے سے سرمایہ خرچ کرتے ہیں ،ْ قوم کی ان پر توقعات بھی ہوتی ہیں تو وہ بھی اتنا اچھا رزلٹ نہیں لاتے ،ْپیر امین الحسنات ہماری ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلی مگر بد قسمتی سے فائنل ازبکستان سے پنلٹی ککس پر ہار گئی ،ْکپتان عبد اللہ کی بات چیت

ہفتہ 19 مئی 2018 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) پاکستانی ٹیم سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد ہفتہ کو ماسکو سے واپس وطن پہنچ گئی۔ نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ اورچیئرمین مسلم ہینڈلحت حسنین کے علاوہ دیگر سماجی کارکنوں، کھلاڑیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا کہ ہماری بہت خوش قسمتی ہے کہ ان کھلاڑیوں کو ہمارے ملک کے صدر مملکت ممنون حسین نے رخصت کیا تھااور ہم اس بات پر بھی اللہ تعالی کے بہت شکر گذار ہیں اور ہمیں ان کھلاڑیوں پر بھی فخر ہے کہ یہ بہت شاندار رزلٹ لائے، انہوں نے کہاکہ جن کھلاڑیوں پر قومی خزانے سے سرمایہ خرچ کرتے ہیں اور قوم کی ان پر توقعات بھی ہوتی ہیں تو وہ بھی اتنا اچھا رزلٹ نہیں لاتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم اور صدر پاکستان سے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی،آخر پر انہوں نے مسلم ہینڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی مختلف جگہوں سے ان کھلاڑیوں کو اکٹھا کرکے عالمی کپ میں شرکت کے لئے لے کر گئے، ٹیم کے کوچ محمد رشید نے کہا کہ ہم مسلم ہینڈ کے بہت شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور ہماری ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور آئندہ عالمی کپ میں کھلاڑیوں کی اس سے بھی بہتر کارکردگی ہوگی، ایک سوال کے جواب محمد رشید نے بتایاکہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں جتنے دوسرے ممالک کی ٹیموں کے پاس ہوتے ہیں پھر بھی ہمارے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، ٹیم کے کپتان عبداللہ نے کہا کہ ہماری ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلی مگر بد قسمتی سے فائنل ازبکستان سے پنلٹی ککس پر ہار گئی، انہوں نے کہا کہ ہم نے تین ماہ تک دن رات بہت پریکٹس کی اور قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ رہیں، واضع رہے کہ گذشتہ دنوں ماسکو میں کھیلے گئے سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ازبکستان کے ہاتھوں 6-5 پنلٹی ککس سے شکست کھا کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر رہیں، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا اور دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پنلٹی ککس ملے جس میں ازبکستان نے پانچ اور پاکستان نے چار گول کئے، عالمی کپ میں دنیا بھر سے 22 ممالک کی انڈر-16، 24 ٹیموں نے حصہ لیا اور پاکستان اپنے کوالیفائنگ رائونڈ میں ناقابل شکست رہا،پاکستان نے سیمی فائنل میچ میں انڈونیشیاء کو 5-4 پنلٹی ککس سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی اور کوارٹر فائنل میں تاجکستان کو 2-0 گول سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، اس سے قبل 2014ء میں برازیل میں کھیلے گئے سٹریٹ چائلڈ عالمی کپ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں میں محمد عبداللہ(کپتان) ، اسد شوکت، اعجاز محمد، جنید احمد شاہ، ساجد علی، محمد امین، محمد رضوان نواز، شاہد فرید، محمد ابرار اور حامد امجد شامل تھے جبکہ ٹیم کے ہمراہ ٹیم منیجر حیدر مجتبیٰ ، کوچ محمد رشید اور اسسٹنٹ کوچ ندیم احمد بھی تھے۔