حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام کا اعلان کرے ،ْ محمد رشید

پاکستانی کھلاڑیوں نے سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرکے ثابت کردیا ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،ْکوچ محمد رشید

ہفتہ 19 مئی 2018 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) پاکستانی ٹیم کے کوچ محمد رشید نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرکے ثابت کردیا ہے کہ ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام کا اعلان کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ماسکو سے پاکستانی ٹیم وطن واپسی کے موقع پر نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کیلئے بہت اچھا موقع ہے کہ ان نوجوانوں کھلاڑیوں کی خصوصی سرپرستی کرے کیونکہ یہ کھلاڑی ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں اور ان کھلاڑیوں کو مزید تربیت دی جائے تو ان میں سے چند سالوں بعد کچھ کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں، محمد رشید جو کہ قومی فٹ بال ٹیم اور پاکستان ریلوے ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام بھی دیتے رہے ہیں نے کہا کہ یہ میرے لئے بڑے فجر کی بات ہے کہ میری کوچنگ میں ان کھلاڑیوں نے سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں شاندارکارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں دنیا بھر سے 22 ممالک کی انڈر-16، 24 ٹیموں نے حصہ لیا اور پورے ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم نا قبل شکست رہی لیکن بدقسمتی سے فائنل میں ازبکستان سے 6-5 پنلٹی ککس سے ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام کا اعلان کرے تاکہ ان کھلاڑیوں میں مزید کھیلنے کا شوق اورجذبہ پیدا ہو۔ ٹیم کے کوچ محمد رشید نے کہا کہ ہم مسلم ہینڈ کے بہت شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور ہماری ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اگر ان کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں تو آئندہ عالمی کپ میں کھلاڑیوں کی اس سے بھی بہتر کارکردگی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نیکہا کہ اس سے بڑھ کر ہماری بڑی خوش قسمتی کیا ہوگی کہ ہماری ٹیم کیکھلاڑیوں کو صدر مملکت ممنون حسین نے رخصت کیا تھا ،ْ ایک سوال کے جواب محمد رشید نے بتایاکہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں جتنے دوسرے ممالک کی ٹیموں کے پاس ہوتے ہیں پھر بھی ہمارے کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ایونٹ کی تیاری کے کئے تین ماہ تک دن رات بہت محنت کی۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ماسکو کھیلے گئے سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں دنیا بھر سے 22 ممالک کی انڈر-16، 24 ٹیموں نے حصہ لیا، فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ازبکستان کے ہاتھوں 6-5 پنلٹی ککس سے شکست کھا کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر رہیں، جس میں ازبکستان نے پانچ اور پاکستان نے چار گول پنلٹی ککس پر کئے اور پاکستان اپنے کوالیفائنگ رائونڈ میں ناقابل شکست رہا،پاکستان نے سیمی فائنل میچ میں انڈونیشیاء کو 5-4 پنلٹی ککس سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی اور کوارٹر فائنل میں تاجکستان کو 2-0 گول سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، اس سے قبل 2014ء میں برازیل میں کھیلے گئے سٹریٹ چائلڈ عالمی کپ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، پاکستانی ٹیم میں محمد عبداللہ(کپتان) اور دیگر کھلاڑیوں میں اسد شوکت، اعجاز محمد، جنید احمد شاہ، ساجد علی، محمد امین، محمد رضوان نواز، شاہد فرید، محمد ابرار اور حامد امجد شامل تھے جبکہ حیدر مجتبی نے ٹیم منیجر ٰ، محمد رشید نے کوچ اور ندیم ا حمد نیاسسٹنٹ کوچ کے فرائض انجام دیئے۔