مظاہروں کی قیادت اب خو د کروں گا،سربراہ حماس تحریک کا اعلا ن

مظاہرے آئندہ بھی جاری رہیں گے،پہلے میں جائوں گا ،پھر آپ،اسماعیل ہینہ کا خطاب

ہفتہ 19 مئی 2018 12:40

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) فلسطینی علاقے غزہ پر حکمران حماس تحریک کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ غزہ کی اسرائیل کے ساتھ ملنے والی سرحد پر فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہروں کی قیادت اب وہ خود کریں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے یہ بات غزہ اور اسرائیل کے درمیانی سرحدی علاقے میں ہونے والے ان خونریز مظاہروں کے محض چار روز بعد کہی، جب اسی ہفتے پیر کے روز اس سرحدی علاقے میں فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے کم از کم 60 فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ پہلے میں جاؤں گا، پھر آپ۔حماس کے سربراہ نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیانی سرحدی علاقے میں فلسطینیوں کے مظاہرے آئندہ بھی جاری رہیں گے، اس امر کی واضح طور پر تردید کی کہ ایسا کوئی مبینہ معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت گزشتہ سات ہفتوں سے جاری ان مظاہروں کو اب ختم کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسماعیل ہنیہ نے غزہ سٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائل کے ساتھ سرحد پر مظاہروں کی قیادت اب وہ خود کریں گے۔ ہنیہ نے کہاکہ ہم غزہ کی سرحد تک جائیں گے۔ پہلے میں اور پھر آپ۔اسماعیل ہنیہ نے یہ بھی کہاکہ جب تک اسرائیل کی طرف سے غزہ پٹی کی ناکہ بندی اور محاصرہ ختم نہیں کیے جاتے، ہمارا احتجاجی مارچ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :