پاکستان میں سیاحت کی ترقی وترویج کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی کی کوششیں قابل ِ ستائش ہیں، امریکی سفارتخانہ پاکستان میں معاشی بہتری اور پر امن ماحول کا خواہشمند ہے ، کلچرل آفیسر تھامس منٹگمری

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور خان سے امریکی سفارتخانے کے کلچرل آفیسر تھامس منٹگمری کی ملاقات

ہفتہ مئی 13:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2018ء) پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور خان سے یہاں امریکی سفارتخانے کے کلچرل آفیسر تھامس منٹگمری نے ملاقات کی ۔ملاقات میں اکنامک آفیسر پیٹ جارجیانی، اکنامک سپیشلسٹ مبشر گوندل ، کلچرل سپیشلسٹ شاہد محمود اور پی ٹی ڈی سی کے جنرل منیجر علی اکبر ملک بھی موجود تھے۔

ملاقات میں چوہدری عبدالغفور نے انہیں پاکستان میں سیاحت کے شعبے پر بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کو 70 سال مکمل ہو چکے ہیں اور امریکہ یو ایس ایڈ کے ذریعے تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر اور دیگر کئی شعبوں میں پاکستان کو معاونت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور صرف منفی تاثر ہونے کے باعث سیاحوں کی آمدورفت کم ہے جبکہ امن و امان کی اصل صورتحال انٹر نیشنل میڈیا رپورٹس کے بالکل بر عکس ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی کوششوں سے پاکستان مین امن مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے اور سیاحوں کیلئے بالکل محفوظ ہے۔ چوہدری عبدالغفور نے بتایا کہ یو این ڈبلیو ٹی او پاکستان میں اپنی کانفرنسز منعقد کروائے گی اور منفی ٹریول ایڈوائزریز کو ختم کرنے میں بھی پاکستان کی مدد کرے گی۔ پی ٹی ڈی سی ڈسکوری اور ٹریول چینل کی طرح پاکستان کی سیاحت پر ایک چینل لانچ کرے گی جس پر پاکستان کی سیاحت و ثقافت سے متعلق دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔

چوہدری عبدالغفور نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔ چوہدری عبدالغفورنے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی ترقی و ترویج کیلئے امریکی سفارتخانے کے تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ امریکی سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال اپنی چھٹیاں دوسرے ممالک میں گزارتی ہے اور سفارتخانے کے تعاون سے انہیں پاکستان کی سیاحت پر راغب کیا جا سکتا ہے۔

امریکی سفارتخانے کے کلچرل آفیسر تھامس منٹگمری نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی ترقی وترویج کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی کی کوششیں قابل ِ ستائش ہیں۔ امریکی سفارتخانہ پاکستان میں معاشی بہتری اور پر امن ماحول کا خواہشمند ہے۔تھامس منٹگمری نے کہا کہ اس سال جولائی میں پاکستان یو ایس اے ایلو مینائی نیٹ ورک پی ٹی ڈی سی کے تعاون سے تین روزہ پروگرام کا انعقاد کرے گی جس میں سیاحتی مقامات کی تصویری نمائش ، لوک و ثقافتی پرگرامز، سیمینارز وغیرہ شامل ہوں گے۔

پروگرام میں پاکستان بھر سے 200سے زائد ایلو مینائی ممبران کی شرکت متوقع ہے۔ چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ پروگرام کے انعقاد کیلئے پی ٹی ڈی سی ایلو مینائی نیٹ ورک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیا ر ہے۔ پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن سیاحتی ترقیاتی منصوبوں کو امریکی سفارتخانے سے شیئر کرے گی تاکہ سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے امکانات پر غور کیا جائے اور آئندہ ملاقاتوں میں کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچا جائے۔ ایم ڈی نے انہیں پی ٹی ڈی سی ہیڈ آفس کے دورے کی دعوت بھی دی ۔